ملتان (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پیر کے روز ملتان کینٹ سٹیشن پر جعفر ایکسپریس کے مسافروں کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق پیر کے روز راولپنڈی سے کوئٹہ کے لئے جانے والی جعفر ایکسپریس میں لاہور سے دو اکانومی کلاس بوگیاں لگائی گئی تھیں جو 110 وولٹ کے کرنٹ کی صلاحیت کی حامل تھیں جبکہ دیگر بوگیاں 220 وولٹ کرنٹ کی تھیں جس کی وجہ سے 110 وولٹ والی بوگیوں میں پنکھے اور لائٹس نہیں چل رہے تھے۔ مسافروں نے ملتان کینٹ سٹیشن پر ٹرین کے پہنچتے ہی ہنگامہ شروع کر دیا جس کی وجہ سے ٹرین کو اڑھائی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں ڈی سی او ریلوے سعیداحمد خان اور ڈی ایس پی ریلوے پولیس امجد منظور خان نے چارجنگ لائٹس منگوا کر مسافروں کو فراہم کر کے ٹرین کو روانہ کیا۔ ملتان ڈویژن کے ڈویژنل اسسٹنٹ الیکٹریکل انجینئر ٹرین لائٹنگ منظور ساجد بھی بروقت سٹیشن پر نہیں پہنچے تھے۔ وزیر ریلوے نے زائد وولٹ کی بوگیوں کے ساتھ کم وولٹ کی بوگیاں لگانے اور مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے بروقت اقدامات نہ اٹھائے جانے کے ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے تکلیف کا شکار ہونے والے مسافروں سے معذرت بھی کی ہے۔
وزیر ریلوے نوٹس
جعفرایکسپریس کے مسافروں کے احتجاج کا وزیر ریلوے نے نوٹس لے لیا
Mar 21, 2018