سرکاری ادائیگیوں آن لائن ٹیکس وصولی کے نظام کا آج باقاعدہ آغاز کر دیا

Mar 21, 2018

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) بینک دولت پاکستان نے آن لائن ٹیکس وصولی کے نظام کا آج باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس سہولت کے تحت ٹیکس دہندگان بینکوں کی برانچوں تک جائے بغیر محض اپنا انٹرنیٹ بینکنگ اکائونٹ یا اے ٹی ایم استعمال کرتے ہوئے ایف بی آر کے ٹیکس اور ڈیوٹیاں ادا کر سکیں گے۔ اس سسٹم کا افتتاح وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے محصولات ہارون اختر نے آج ایف بی آر ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ایک سادہ تقریب میں کیا۔ تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک جناب طارق باجوہ، چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا، ون لنک کے چیئرمین اور سی ای او، اور اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور کسٹمز کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔آن لائن ٹیکس وصولی کا سسٹم اب فعال ہے اور ٹیکس دہندگان گھر بیٹھے، دفتر سے یا اے ٹی ایم پر سے اپنے ٹیکس اور ڈیوٹی سہولت کے ساتھ ہفتے کے کسی بھی دن اور کسی بھی وقت ادا کر سکتے ہیں۔ اس سسٹم کی بنیاد ون لنک بلر (Biller)ماڈیول ہے جس میں بینکوں کے بل ادائیگی کے صفحے پر ایف بی آر کو ایک اور بلر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی ادائیگی کے لیے ٹیکس دہندگان / درآمد کنندگان کو ایف بی آر (آئی آر آئی ایس) اور کسٹمز ویبوک (WeBOC) میں اپنے ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کی تفصیلات درج کرانی ہوں گی جس سے ان کا پی ایس آئی ڈی (پیمنٹ سلپ آئی ڈی) بن جائے گا۔ اس طرح بنایا گیا پی ایس آئی ڈی بینکوں کے ویب پیج یا اے ٹی ایم پر ٹیکس / ڈیوٹی ادائیگی کی تفصیلات تک رسائی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ٹیکس دہندگان یا ان کا ایجنٹ ٹیکس ادائیگی کے لیے اْن کے بینک اکائونٹ سے رقم اسٹیٹ بینک میں موجود متعلقہ سرکاری اکائونٹ میں منتقل کر دے گا۔

مزیدخبریں