خاتون کو بچاتے ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق گیٹ مین کیلئے تمغہ شجاعت کا ا علان

Mar 21, 2018

ملتان (نمائندہ خصوصی) حکومت نے خاتون کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر شہید ہونے والے ریلوے گیٹ مین عظیم آفریدی کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ تمغہ شجاعت 23 مارچ کو اسلام آباد میں یوم پاکستان کے سلسلہ میں ہونے والی تقریب میں شہید کی بیوہ نور الٰہی وصول کرے گی۔عظیم آفریدی پاکستان ریلوے کے پہلے شہید ہوں گے جنہیں 1947ء کے بعد بعداز مرگ تمغہ شجاعت دیا جائے گا۔ 21 مئی 2016ء کی صبح ریلوے گیٹ مین عظیم آفریدی ٹوبہ ٹک سنگھ کے قریب ریلوے پھاٹک پر معمول کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔ آفریدی نے جان کی پرواہ کئے بغیر ریلوے لائن میں بھاگتے ہوئے خاتون کو دھکا دیکر ٹرین سے دور کر دیا۔ تاہم اس دوران وہ خود ٹرین کی زد میں آ گئے اور ان کا جسم دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ واضح رہے کہ عظیم آفریدی ریلوے کی مسجد کے امام بھی تھے۔

مزیدخبریں