اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ازبکستان کے اعلیٰ سطح وفد نے منگل کے روز سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے سابق نائب وزیراعظم اور چیئرمین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اکراموف ادھم کی قیادت میںملاقات کی۔ مہمان وفد نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت کی اہمیت پر زور دیا۔ وفد نے دونوں ممالک کے درمیان فارماسیوٹیکل، توانائی اور چمڑے کی صنعت سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ازبک وفد نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت بڑہانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مذہبی ، ثقافتی و دہائیوں پر مشتمل سماجی تعلقات میں بندھے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ازبکستان کی آزادی سے لے کر دونوں ممالک کے شاندار تعلقات اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے تمام شعبوں خاص طور پر توانائی، زراعت، کونیکٹیویٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون بڑہانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے ایس سی او کی رکنیت کے لئے حمایت پر ازبکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ازبک وفد نے یوم پاکستان کے موقع پر تئیس مارچ کو منعقدہ پریڈ میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔