اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ سی ڈی اے میں قائم مقام چیئرمین کی تقرری پر وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پرسیکرٹری کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سی ڈی اے میں قائم مقام چیئرمین کی تقرری پر چودھری تنویر کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسارکیاکہ کیا آپ نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ؟جس پردرخواست گزارکے وکیل نے کہاکہ وزیراعظم کو اس کیس میں فریق بنایا گیا ہے، اس عدالت کے 29 دسمبر 2017 کے فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی،عدالت نے میرٹ پر اور قانون کو مد نظر رکھ کر مستقل چیئرمین سی ڈی اے کی تعیناتی کا حکم دیا تھا،استدعا ہے کہ قائم مقام چیئرمین سی ڈی اے کی تقرری کو کاالعدم قرار دیا جائے،فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، دلائل سننے کے بعدعدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرسیکرٹری کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری
Mar 21, 2019