زیارت کے نزدیک دہشتگردوں کا لیویز چیک پوسٹ پرحملہ، 6 اہلکار شہید

Mar 21, 2019

زیارت+کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ+بیورورپورٹ +ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع زیارت سنجاوی لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر کے 6لیویز اہلکاروں کو شہید کر دیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی جبکہ شہداء کی میتیں مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق لال کٹائی سجاوی لیویز چیک پوسٹ پر صبح دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر دیا، فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے چیک پوسٹ پر تعینات 6لیویز اہلکار شہید ہو گئے جبکہ لیویز اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے، اطلاع ملنے پر مزید سکیورٹی نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہدا ء کی میتیں مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی سنجاوی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ذرائع کے مطابق حملہ آور قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے ہیں ۔ بعد ازاں شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کا نماز اجتماعی نماز جنازہ ادا کیا گیا ۔ نماز جنازے میں صوبائی وزیر نور محمد دُمڑ،اسسٹنٹ کمشنر سنجاوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن قومی اسمبلی سردار اسرار ترین، بلوچستان عوامی پارٹی کے خاتون رکن صوبائی اسمبلی لیلیٰ ترین، بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی رہنماء چیف آف عبدلانی ملک اسرار ترین ، ملک روح اللہ خان ترین نے ضلع زیارت تحصیل کے علاقہ لال کھٹائی لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کرنے اور 6 بے گناہ لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردحملے میں شہید لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لیویز اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، دہشت گرد اسطرح کے حملوں سے سیکیورٹی فورسز کے حو صلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ سنجاوی لیویز چوک پوسٹ پر فرائض ادائیگی کے دوران شہید لیویز اہلکاروں کے خاندانوں سے اس غم میں برابر کے شریک ہے اور شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

مزیدخبریں