دبئی(آئی این پی) پاکستان میں کرکٹ کی واپسی سے یو اے ای کو اپنی فکر پڑگئی جب کہ ابوظہبی نے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے ٹی 10لیگ کے حقوق 5 برس کیلئے اپنے نام محفوظ کرلیے۔پی ایس ایل کے آخری 8 میچز کے پاکستان میں کامیاب انعقاد اور آئندہ برس پوری لیگ اپنے ملک میں کرانے کے اعلان سے متحدہ عرب امارات مستقبل کا سوچنے لگا ہے۔ سب سے پہلے ابوظہبی نے دوراندیشی سے کام لیتے ہوئے ٹی 10لیگ کے حقوق پانچ برس کیلئے اپنے نام محفوظ کرلیے اور اس کا نام اب ابوظہبی ٹی 10لیگ ہوگا۔ اس کے گزشتہ2ایونٹس شارجہ میں ہوئے تھے۔ایونٹ کے چیئرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ شارجہ میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے ہم دیگر وینیوز میں بھی مقابلوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہے تھے،ابوظہبی کی پیشکش ایسی تھی کہ ہم نے ایونٹ کو وہاں تک محدود کردیا جو23اکتوبر سے شروع ہوگا۔ادھر ابوظہبی کرکٹ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو میٹ باﺅچر نے کہاکہ پی ایس ایل کے آخری مقابلوں کے پاکستان میں شاندار انعقاد اور وہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی ممکنہ واپسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنے ایونٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا، شجیع الملک کی صورت میں ہمیں وہی شراکت مل گئی جس کی ضرورت تھی، ٹی 10 ایک بہترین فارمیٹ ہے۔
امارات کرکٹ کی دوراندیشی t10 لیگ کے حقوق لے لئے
Mar 21, 2019