لاہور (سید عدنان فاروق) جماعت اسلامی کی امارت کے لئے انتخابی عمل گزشتہ روز مکمل ہو گیا، موجودہ امیر سراج الحق کے اگلی مدت کے لئے ایک بار پھر امیر بننے کا قوی امکان ہے، ارکان جماعت کی رہنمائی کے لئے شوری کی جانب سے دیئے جانے والے تین ناموں میں شامل نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے حق میں بھی قابل ذکر تعداد میں ووٹ کاسٹ ہوئے، 39ہزار 124ارکان میں سے تقریبا 33 ہزار مرد و خواتین ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا ، اس بار شوریٰ کی جانب سے انتخابی عمل میں سندھ کراچی کو نظر انداز کرنے اور وہاں سے کوئی نام نہ دینے پر اعتراضات بھی سامنے آئے ، فیصلے پر تنقید کرنے والوں کا موقف تھا کہ کیوں ایک ہی صوبہ( خیبر پی کے) سے سینٹر سراج الحق اور پروفیسر ابراہیم کے نام ارکان کی رہنمائی کے لئے دیئے کیونکہ ماضی میں اس کی نظیر نہیں ہے۔ تاہم دستور کے مطابق ہر رکن کے پاس کسی بھی رکن جماعت کو بطور امیر ووٹ دینے کے تحت جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان بھی دیگر امارت کی دوڑ میں نمایاں نظر آئے اور کثیر تعداد میں ارکان نے ان پر بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ کی نگرانی میں انتخابی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان نے امیرجماعت کے انتخاب کے لئے نتائج کا آج اعلان کریں گے، انہوں نے بتایا کہ امیر جماعت کے منصب کی مدت آٹھ اپریل 2019 کو مکمل ہو رہی ہے۔
جماعت اسلامی کی امارت کیلئے انتخابی عمل مکمل، سراج الحق کے پھر منتخب ہونیکا امکان
Mar 21, 2019