لاہور (نوائے وقت نیوز) اسلام آباد نیب آفس کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر پولیس کے تشدد ، لاٹھی چارج اور ان کی گرفتاریوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے مخدوم سید عثمان محمود کی جانب سے یہ قرارداد جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا اسلام آباد پولیس نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر تاریخ کا بدترین تشدد کیا۔ کارکنان قیادت سے اظہار یکجہتی کے لیے نیب آفس اسلام آباد پہنچے تھے۔ متن میں کہا گیا پرامن کارکنان پر پولیس نے حکومت کے کہنے پر لاٹھی چارج کیا، جس سے کئی کارکنان زخمی ہو ئے جبکہ درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں پر بدترین تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہیں فوری رہا کیا جائے۔