بیجنگ (آئی این پی+ آن لائن+ صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت انتخابات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے سے گریزاں ہے، اسے خدشہ ہے کہ مذاکرات سے آئندہ انتخابات میں نقصان ہو سکتا ہے، چینی سرمایہ کار بے دھڑک ہو کر پاکستان آئیں ہم ان کے تحفظ کا ذمہ لیتے ہیں، چین پاکستان کا ایسا دوست ہے جس پر مکمل اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ بھارت میں اتنا حوصلہ نہیں ہوا کہ کرائسٹ چرچ حملہ کی مذمت میں مسلمان یا مسجد کا لفظ استعمال کرے۔ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ہمارا چین پر اعتماد مزید بڑھ گیا ہے۔ بدھ کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان روانگی سے قبل پاکستانی صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے، حالیہ کشیدگی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ہمارا چین پر اعتماد مزید بڑھ گیا ہے، چین کے ساتھ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کی اہمیت دوبالا ہو گئی ہے، چین پاکستان کا ایسا دوست ہے جس پر مکمل اعتماد کیا جا سکتا ہے، بھارتی قیادت انتخابات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے سے گریزاں ہے، اسے خدشہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے سے ان کو آئندہ انتخابات میں نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا خدانخواستہ مندر پر حملہ ہوا تو ہم بھارت کے ساتھ کھڑے ہوں گے، پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، چینی سرمایہ کار بے دھڑک ہو کر پاکستان آئیں ہم ان کے تحفظ کا ذمہ لیتے ہیں، کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کے پیچھے کارفرما قوتیں بے نقاب ہو چکی ہیں۔ حملہ آور گرفتار ہو چکے ہیں، ان کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین میں ڈائریکٹر سینٹرل فارن افیئرز کمشن سے ملاقات کی۔ یانگ جائیچی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ سطح کے روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین میں ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کے متمنی ہیں۔ہواوے ٹیکنالوجیز کے وائس پریزیڈنٹ وانگ ہوئی نے بھی بیجنگ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
چینی سرمایہ کار بے دھڑک آئیں تحفظ دینگے: شاہ محمود قریشی
Mar 21, 2019