لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد قاسم خان نے عدالت عالیہ لاہور کے 5 5 ویں سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری گزشتہ روز (جمعرات کو) کو گورنر ہاؤس میں ہوئی۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، لاء افسروں، ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں، وزرائ، آئی جی پنجاب اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان 5 جولائی 2021ء تک عہدے پر رہیںگے۔ امید ہے کہ ان کی زیر قیادت آزاد اور خودمختار عدلیہ ماضی کی شاندار روایات کے مطابق ’’سفر زندگی‘‘ جاری رکھے گی جیسا کہ معزز چیف جسٹس نے حلف کے بعد افتتاحی کلمات میں کہا کہ ’’عدالتی افسر کام پر توجہ دیں، غفلت برداشت نہیں۔‘‘ تقررو تبادلے انتظامی امور کا حصہ ہوتے ہیں اسی کے تحت معزز چیف جسٹس محمد قاسم خان نے رجسٹرار ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدلیہ کے 55 ججز کے تبادلوں اور تقرر کے احکامات بھی جاری کیے۔ دعا ہے کہ چیف جسٹس قاسم خان کی قیادت میں عدالت عالیہ اور ماتحت عدالتیں آئین و قانون کے مطابق اپنا کردار بھرپور ادا کریں۔
نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف
Mar 21, 2020