نیویارک (نیوز رپورٹر، صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پلی بارگین کا طریقہ کار قانون کے اندر موجود ہے۔ پلی بارگین کرلیں اور مریم نواز کل کے بجائے آج باہر چلی جائیں۔ ہماری جماعت آج اقتدار میں ہے تو اس میں میڈیا کا بڑا کردار ہے۔ نیویارک میں انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پاکستان کا ایک بہت اہم ادارہ ہے۔ 2000 ء کے بعد پاکستان جس چیز پر فخر کرسکتا ہے اس میں میڈیا کی آزادی بھی شامل ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ ہماری حکومت کے دور میں میڈیا کی آواز کو کم کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کو معلوم ہے نوازشریف اور زرداری کے اوپر کوئی کیس جھوٹا نہیں۔ ہم تو بس کہتے ہیں پیسے دے دیں۔ کرونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں واپس جاتے ہی اپنے آپ کو 3 دن قرنطینہ کروں گا۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹنگ کٹس کی تیاری آئندہ ہفتے سے شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ دیہاڑی دار مزدوروں کو مالی پیکج دیں گے۔ حکومت کی طرف سے سینی ٹائزر کی سپلائی پیر سے شروع ہوجائے گی۔