مساجد بند نہیں‘ سرگرمیاں محدودکر دی جائیں: ساجد میر

لاہور (سپیشل رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہ جمعہ کے خطبات مختصر کردیے جائیں۔ مسجدیں بند نہ کی جائیں تاہم مسجد کی سرگرمی محدود کردی جائے۔ اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سمیت دیگر وبائی امراض سے بچنے کے لیے شریعت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتی ہے۔ آفات اور وباؤں سے بچنے کے لیے مسنون دعائیں پڑھنی چاہئیں۔ ایسے حالات میں اللہ کی طرف پہلے سے بھی زیادہ رجوع کرنا چاہئے۔ رسول اکرمؐ نے طاعون کے بارے میں یہ تعلیم دی کہ جس علاقے میں آئے اس علاقے کے لوگ اس سے باہر نہ جائیں اور نہ ہی کوئی اس علاقے میں آنے کی کوشش کرے۔ یہ ایک احتیاطی تدبیر ہے۔ دینی پروگرام کو جتنا بھی ممکن ہو مختصر کر دیا جائے۔ مسجدیں آباد ہوتی رہیں۔ استغفار ہوتا رہے۔ اللہ سے توبہ کی تعلیمات کا سلسلہ بھی جاری رہے۔

ای پیپر دی نیشن