سٹرٹیجی بنا لی‘ کیسز کی تعداد پر لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے: یاسمین راشد

Mar 21, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے پنجاب میں جتنے بھی کرونا مریض ہیں ان کی ٹریول ہسٹری ہے، پوری کوشش ہے لاک ڈائون نہ ہو تاکہ لوگ ضروری کام کرسکیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حالات ایسے ہو رہے ہیں کہ ہمیں لاک ڈائون کی طرف دیکھنا پڑے گا، میڈیکل ایمرجنسی ڈیکلیئر کرچکے ہیں، عوام کو بھی توجہ دینی چاہیے۔ صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اب تو مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے ہم نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، ہم نے ایک سٹرٹیجی بنا رکھی ہے جس کے تحت کام کر رہے ہیں۔ سٹرٹیجی ہے کتنے کیسز مثبت آئے تو لاک ڈائون کی طرف جائیں گے، سٹرٹیجی کے تحت کس علاقے یا شہرکو کیسے لاک ڈائون کیا جائے گا۔ پنجاب میں جن کی ٹریول ہسٹری ہے ان کے فیملی ممبرز کے بھی ٹیسٹ کر رہے ہیں۔عوام کو سمجھنا ہوگا اقدامات ان کے ہی فائدے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں، میل ملاپ کم کرنے سے بھی کرونا کی وبا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔مزید براں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری سلوت سعید، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل، ایڈیشنل سیکرٹری سلمان شاہد، وائس چانسلرز میڈیکل کالجز پروفیسرز ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ وائس چانسلرز، پرنسپلز اور طبی ماہرین نے وزیرصحت کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے حوالہ سے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تمام کنفرم اور مشتبہ مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور طبی انتظامات مکمل ہیں۔ مزید کٹس منگوائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر مددگار ثابت ہونے والی ادویات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔دوسری طرف پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز کی مکمل پیروی کی جارہی ہے، چین نے ابتدائی طور پر کرونا وائرس پھیلنے اور اس کے بعد کی صورتحال میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے تناظر میں ابتدائی اور نظر ثانی شدہ ایس او پیز کی تیاری میں معاونت دی ہے، وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ایک ارب 28 کروڑ روپے کے فنڈز جاری جبکہ 5 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے حفاظتی اقدامات پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہوں۔ ہر طرح کی تیاری کے ساتھ حفاظتی تدابیر پر فوکس کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی فنانس کمیٹی روزانہ اجرت پر کام کرنے والے اور دیگر لوگوں کی مشکلات میں ریلیف دینے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے اقداما ت کرے گی۔لاک ڈائون کرنا پڑا تو اس کیلئے بھی پیشگی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔

مزیدخبریں