کرونا وائرس سے قبل دنیا میں دس وبائیں پھوٹ چکیں: طاہرالقادری

Mar 21, 2020

ملتان(سپیشل رپورٹر) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انسانی تاریخ میں کرونا وائرس سے قبل دس تباہ کن وبائیں پھوٹ چکی ہیں جن میں ایک وبا طاعون کی تھی۔ایسی عالمگیر وباؤں کے موقع پر کچھ اقدامات حکومتوں کے کرنے کے ہوتے ہیں اورکچھ کام معاشرتی ذمہ داری کے طور پر عوام الناس کی ذمہ داری ہوتے ہیں۔معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ ایسی آفات کی آمد پر وہ اپنا ذمہ دارانہ سماجی کردار ادا کریں۔بیماریوں سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا حکم اللہ اوراسکے رسولؐ نے سختی سے دیا ہے۔بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ سب سے بڑی آگاہی اورہدایت کا سرچشمہ حضورنبی اکر م کی تعلیمات ہیں۔حضوراکرم نے فرمایا کہ اگر تم سنو کہ کسی ملک،کسی شہر یا کسی سرزمین میں وباء پھیل گئی ہے تو اس ملک اورخطے میں ہرگز داخل نہ ہوں،اوراگر کسی خطے میں کہ وبا ء پھیل جائے اورتم پہلے سے وہاں موجود ہوں تو وہاں سے باہر نہ جاؤ۔حضوراکرم نے آج سے چودہ سوسال قبل ایسی احتیاطی تدابیر بتا دیں جن کی توثیق آج کی ماڈرن سائنس کررہی ہے کہ متاثرہ ملک،علاقہ اورمعاشرہ کا سفر اورآمدورفت روک دی جائے تاکہ اس موذی وباء سے ان علاقوں،خطوں اورملکوں کو بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کم علمی کی وجہ سے تقدیر اورتدبیر کے موضوعات کو خلط ملط کرتے ہیں۔تدبیر اوراحتیاط کو نظر انداز کرنے کا نام توکل نہیں ہے اورنہ ہی اس کا تعلق تقدیر سے ہے۔سورۃفاتحہ کا ورد شفاء کا باعث ہے،موت کے سوا ہر عارضہ اس ورد سے رفع ہوجاتا ہے۔

مزیدخبریں