کرونا وائرس تفتان سے پھیلا‘ حکومتی اقدامات نظر آنے چاہئیں: سراج الحق

Mar 21, 2020

لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جن انتظامات و اقدامات کے دعوے کر رہی ہے وہ زمین پر بھی نظر آنے چاہئیں، حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تفتان سے آنے والے پاکستانی زائرین کی وہاں لگائے گئے کیمپوں میں مناسب دیکھ بھال کی جاتی اور پاکستان آنے پر انہیں کلیئر کر کے گھروں میں جانے کی اجازت دی جاتی تو یہ مرض پاکستان میں نہ آتا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کورونا وائرس کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہوجانے سے جو دیہاڑی دار طبقہ روزگار سے محروم ہو گیا ہے حکومت ان کے کھانے پینے و دیگر بنیادی ضروریات کا انتظام کرے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جن لوگوں کی تنخواہیں یا اجرت 25ہزار روپے سے کم ہے حکومت ان کے بجلی و گیس کے بل معاف کرے۔ انہوں نے حکومت کو پیشکش کی کہ جماعت اسلامی کے زیر انتظام چلنے والے تمام ہسپتال، 300سے زائد ایمبولینسیں اور رضا کار خدمات سرانجام دینے کے لئے تیار ہیں حکومت ان سے استفادہ کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مال روڈ پر مسجد شہداء کے قریب ثریا عظیم ہسپتال و جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام لگائے گئے آگاہی کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مزیدخبریں