تربیتی پروگرام کا پہلا مرحلہ موخر،عازمین اپنے طور پر مناسکِ حج و عمرہ کی تیاری شروع کر دیں

Mar 21, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)2020ء کے لئے قرعہ اندازی کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے ۔ہر سال وزارتِ مذہبی اُمور کے زیر اہتمام پورے ملک میں تحصیل و ضلع کی سطح پر مناسک حج و عمرہ کے لئے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے۔تربیتی پروگراموں کا پہلا مرحلہ رمضان المبارک سے پہلے اور دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد ترتیب دیا جاتا ہے۔مگر امسال کورونا وائرس کے پیشِ نظر پہلے مرحلے کے تربیتی پروگرام فی الحال مئوخر کر دئیے گئے ہیں اور وفاقی وزیر مذہبی اُمور پیر نور الحق قادری نے اس کا باقاعدہ اعلان بھی کر دیا ہے۔رفیقِ حجاج کمیٹی پاکستان کے صدر بابو عمران قریشی نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے درخواست دہندگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ پہلے مرحلے کے تربیتی پروگرام مئوخر کر دئیے گئے ہیں لہٰذا آپ اپنے طور پر مناسکِ حج و عمرہ کی تیاری شروع کر دیں۔ اپنی نمازوں میں درستگی لائیں۔ زیادہ سے زیادہ پیدل چلنے کا عادی بنائیں۔ حج و عمرہ لٹریچر کا مطالعہ کریں۔ عربی دعائیں یاد کریں۔بابو عمران قریشی نے مزید کہا کہ رفیقِ حجاج کمیٹی کے بانی صدر ، معروف سکالر اور حج ماسٹر ٹرینر بابو شفقت قریشی مرحوم کا تالیف کردہ رفیقِ حج کتابچہ اور دیگر حج لٹریچر رفیقِ حجاج کمیٹی کے پلیٹ فارم پربلامعاوضہ دستیاب ہے۔ کتابچہ حج و عمرہ عازمین کے لئے انتہائی مفید ہے اور اس میں نہایت ہی سادہ اور آسان زبان میں مناسک کے بارے میں بیان کیا گیا ہے۔ خواہش مند عازمین گروپ کی شکل میں کتابچہ اور دیگر حج لٹریچر منگوانے کے لئے بذریعہSMS، ای میل imran.tanveer@hotmail.com، واٹس ایپ، IMO اور موبائل نمبر 0300-9727411پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ڈاک کا خرچ رفیقِ حجاج کمیٹی کے ذمہ ہو گا۔

مزیدخبریں