کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے سرجیکل ماسک کی قلت پرسیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کو اقداماتی کاروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 10اپریل تک ملتوی کردی ۔جمعہ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد علی مظہرکے روبروکرونا وائرس کے پھیلائو اور ملک میں ماسک کی قلت کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔سیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرادیا گیا۔عدالت کوبتایا گیاسکھر میں ایک قرنطینہ سینٹرل قائم کیا گیا ہے جس کی حالت بہت خراب ہے۔جس پرچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے استفسارکیا کہ یہ کہاں ہے اورآپ نے دیکھا ہے؟،جس پروکیل نے عدالت کوبتایا جی میں نے سوشل میڈیا پر دیکھا ہے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کوبتایا حکومت سندھ کی جانب سے دو نوٹی فکیشن بھی جاری کئے گئے ہیں۔عدالت نے درخواست گزاروں سے سیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کے جواب پر جوالجواب طلب کرلیا ۔ عدالت نے پرسیکرٹری صحت اور کمشنر کراچی کو اقداماتی کاروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 10اپریل تک ملتوی کردی ۔