اسلام آ باد ( سپورٹس رپورٹر)معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پی ایس ایل 5 کے چار بہترین ایمرجنگ بیٹسمینوں کے نام بتا تے ہوئے کہا ہے کہ حیدرعلی، ذیشان اشرف، اعظم خان اور خوشدل شاہ مستقبل قریب میں پاکستان کا سرمایہ ثابت ہو کر طویل عرصے تک قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں، رمیز راجہ نے پشاور زلمی کے حیدرعلی کو بہترین صلاحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم کے نقش قدم پر چل رہے ہیں اور پہلے ہی سیزن میں انہوں نے اپنی اہلیت کو منوا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدر علی کو اپنی کارکردگی میں تسلسل درکار ہے جبکہ انہیں تیسرے نمبر پر کھیلنا چاہئے اور چونکہ ان کی پاور ہٹنگ اور شاٹس کی کوالٹی زبردست ہے لہذا انہیں بہت زیادہ جدت طرازی سے گریز کرنا چاہئے۔ملتان سلطانز کے وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف کی بہادرانہ اپروچ کو سراہتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ان کا سٹرائیک ریٹ بطور اوپنر قابل تعریف ہے کیونکہ وہ آزادی کے ساتھ اپنے بڑے سٹروکس کھیل سکتے ہیں جبکہ سیٹ ہونے پر ان کا کسی پنچ ہٹر کی مانند بڑی اننگز تخلیق کرنا ممکن ہو سکتا ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ذیشان اشرف نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا اور ان کا مستقبل تابناک محسوس ہوتا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین اعظم خان سے متاثر رمیز راجہ کا مشورہ ہے کہ نوجوان بیٹسمین اگر پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں تو ان کو آئندہ سیزن سے قبل اپنی فٹنس پر توجہ دینی چاہئے کیونکہ مشکل ترین حالات میں وہ میچ کی صورتحال کو سمجھتے ہوئے پورے اعتماد سے کھیلتے ہیں اور حریف بالرز کا دبا قبول نہیں کرتے۔