امریکہ میں میڈیا سے وابستہ ارب پتی مائیک بلومبرگ آئندہ صدارتی انتخابات کے لئے ڈیموکریٹ جماعت کی نیشنل کمیٹی کو 18 ملین ڈالر عطیہ کریں گے۔ اس بات کا اعلان بلومبرگ کی انتخابی مہم نے کیا۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ماہ کے شروع میں شکست کے بعد نیو یارک شہر کے سابق میئر بلومبرگ نے ڈیموکریٹ جماعت کی جانب سے صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ری پبلکن جماعت کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کیلئے، وہ ڈیموکریٹ جماعت کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔ان کی انتخابی مہم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائیک بلومبرگ کا ایک ہی مقصد ہے کہ اس سال نومبر کے صدارتی انتخاب میں وہ صدر ٹرمپ کو ہرانے میں ڈیموکریٹ جماعت کی مدد کریں۔بلومبرگ کی انتخابی ٹیم کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی مہم کے دوران میڈیا اشتہارات کی مد میں275 ملین ڈالر اپنی جیب سے خرچ کئے تھے تاہم انہوں نے دوڑ میں شامل اپنے ساتھی ڈیموکریٹ امیدواروں کے خلاف کوئی منفی اشتہار نہیں دیا۔ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کا کہنا ہے کہ وہ بلومبرگ کی جانب سے دی گئی رقم کو ان ریاستوں میں سینکڑوں کارکن بھرتی کرنے کیلئے استعمال کریں گے جہاں سخت کا مقابلہ ہو گا۔ڈی این سی کے سربراہ ٹوم پیریز کا کہنا ہے کہ بلومبرگ اور ان کی ٹیم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے میں مدد دینے کے اپنے وعدے کو پورا کیا ہے، اور انکی دی گئی رقم سے ڈیموکریٹ جماعت کو صدارتی انتخاب جیتنے میں زبردست مدد ملے گی۔
امریکہ، مائیک بلومبرگ کا ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کو 18 ملین ڈالر کا عطیہ
Mar 21, 2020 | 12:50