لاہور( اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ میں وکلا کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوء.چیف جسٹس محمد قاسم خان نے لاہور میں واقع نجی لاء کالج کے آڈٹ کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے وکلاء کی مبینہ جعلی ڈگریوں کے خلاف کیس کی سماعت کی،سماعت میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد، رجسٹرار محمد خالد خان اور کنٹرولر امتحانات پیش ہوئے، پنجاب یونیورسٹی کے لیگل ایڈوائزر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملزم وکیل بی اے میں تین مرتبہ فیل ہوئے اس کے بعد نجی لاء کالج میں داخلہ لے کر پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرلی۔چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ متعلقہ نجی لاء کالج کا کبھی آڈٹ کر ایاگیا اور چیک کیا کہ اس لاء کالج نے کتنے فیل طلبا کو داخلے دئیے، عدالت نے یونیورسٹی کے وکیل کو آڈٹ رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے پنجاب یونیورسٹی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ یونیورسٹی کے اندر کرپٹ افراد کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے جنہوں نے فیل امیدواروں کی رجسٹریشن کی، وکیل یونیورسٹی نے جواب دیا کہ واقعہ کے ذمہ دار 7 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے، عدالت نے سماعت چھ اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے جعلی وکلاء ڈگریوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔