اسلام آباد (نیوزرپورٹر) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں وہ اپنی آزادی اور حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ میں ایک حل طلب مسئلے کے طور پر موجود ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کا معاہدہ کسی بھی طور پر مسئلہ کشمیر کو سردخانے میں نہیں ڈال سکتا۔ اس معاہدے کا مقصد لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کو کم کرنا اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ بات انہوں نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں قطر یونیورسٹی کے پروفیسر اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کے لئے کام کرنے والے ڈاکٹر فرحان مجاہد چک، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، حسین خطیب، محترمہ شمیم شال، اعجاز رحمانی، حاجی سلطان، محمود ساغر اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت غیرقانونی زیرقبضہ والا کشمیر میں غیر کشمیری بھارتی شہریوں کو آباد کر کے ریاست پر اپنے غیر قانونی قبضہ کو دوام دینے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے جس کا کشمیری پوری جرات اور بہادری سے مقابلہ کریں گے اور اسے ناکام بنائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرحان مجاہد چک نے کہا کہ ہمیں اتحاد و اتفاق سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر مزید اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہو گا۔
کشمیر عالمی تنازعہ،فائر بندی معاہدہ مسئلے کو سرد خانے میں نہیں ڈال سکتا
Mar 21, 2021