ملتان(نمائندہ نوائے وقت)وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزراء اور مشیروں کو مختلف اضلاع میں گڈ گورنس اور پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے مانیٹرنگ کے اختیارات سونپ دئے ہیں۔اب جس محکمے کی کارکردگی حکومت کی توقعات پر پورا نہیں اترے گی ان کے افسران کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔گندم خریداری کا سیزن شروع ہونیوالا ہے۔ کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدا جائے گا اور انہیں گندم کے سرکاری نرخ کا پورا معاوضہ دلایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے محکمہ خوراک کی طرف سے شہر میں قائم آٹا سیل پوائنٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ماہ رمضان میں7 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سبسڈی کی وجہ سے رمضان بازاروں میں10 کلو وزن کا آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے120 روپے سستا ملے گا جبکہ چینی60 روپے کلو دستیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے، وزراء اور معاونین خصوصی رمضان بازاروں کو خود مانیٹر کریں گے۔ وزیر توانائی نے کہا کہ کسانوں کو رعائتی نرخوں پر کھاد بیج سمیت ان کی فلاح کے لئے کسان کارڈ سمیت بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔وزیر اعظم بہت جلد ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے
کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ سرکاری نرخ پرخریدا جائیگا:ڈاکٹر اختر
Mar 21, 2021