لاہور (سپورٹس رپورٹر )سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا تاہم ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔ میں چیف سلیکٹر محمد وسیم کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کس کھلاڑی کو قومی کرکٹ ٹیم میں لو یا کس کرکٹر کو شامل نہیں کرو، میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے، مجھے اور بہت سے کام ہوتے ہیں، دراصل میں بھی اس طرح کی باتیں سنتا رہتا ہوں، ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ہی کمیٹی پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ کون سی کرکٹ کمیٹی، جس کا سال میں ایک ہی اجلاس ہوتا ہے، پاکستان ٹیم کا جنوبی افریقہ کو دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے، وہاں کی پچز بہت مختلف ہوں گی، ان وکٹوں پرپاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مسئلہ بنا دیا جاتا ہے تاہم جو کھلاڑی سکواڈ میں شامل ہو جائے اس کا ایشو نہیں بنتا جو شامل نہ ہو اسے مسئلہ بنا دیا جاتا ہے انتخاب کے وقت کپتان اور چیف سلیکٹر کے درمیان بحث ہوتی ہے، اسے ایشو نہیں بنانا چاہیے۔ شرجیل خان نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر کام کریگا، شرجیل خان کو اپنی فٹنس انٹرنیشنل معیار کے مطابق کرنا ہوگی۔ خود دو ہفتے بائیو سکیورببل میں رہا، مجبوری ہے برداشت کرنا پڑیگا۔ٹیم کے انتخاب پر چیف سلیکٹر اور کپتان میں بحث ہونا اچھی بات ہے، کسی کی رائے پر اختلاف کرنا معمول کی بات ہے، اسے میڈیا پر اتنا بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہیے۔ میں کسی کے کام میں مداخلت نہیں کرتا، بورڈ میں ہوں نہ پاکستان ٹیم میں، باہر رہ کر بھی اگر میرا اثر و رسوخ ہے تو مجھے شاباش ہے۔
کرکٹ بورڈ کے کسی کام میں مداخلت نہیں کرتا وسیم اکرم
Mar 21, 2021