کوٹ ادو (خبر نگار)باڑھ لگا کر مقامی بستیوں کے کمینوں کا راستہ بند کرنے پرفیکٹری انتظامیہ کی مبینہ ہٹ دھرمی کے خلاف چیرمین عوامی راج پارٹی پاکستان جمشید احمد دستی نے ایم ڈی سمیت وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ دیا، ایک ہفتہ کے اندر انتظامیہ نے بستی محمود یار والا کے مکینوں کا بند کیا جانے والا راستہ بحال نہ کیا تو ہزاروں افراد کے ہمراہ پارکو گیٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دینگے، جمشید احمد خان دستی نے کہا کہ قصبہ گجرات میں قائم فیکٹری کے افسران نے مقامی بستیوں میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کے راستے بند کر کے باڑ لگا دی جو کہ ایک غیر آئینی اقدام ہے، انہوں نے کہا کہ پارکو ایک اتنا بڑا قومی ادارہ ہے جس نے آئین پاکستان کے تحت مقامی لوگوں کو سہولت مہیا کرنی تھی جس میں نوکریاں فری صحت تعلیم اور صاف راستے اور ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کے لئے اقدامات اٹھانے تھے مگر افسوس کہ انتظامیہ نے کوئی عمل نہ کیا بلکہ گن پوائنٹ پر مقامی لوگوں کا راستہ بند کر کے غیر اخلاقی غیر قانونی اقدام اٹھایا ہے، انہوں نے کہا کہ راستے میں باڑ لگانے کی وجہ سے انتظامیہ کے اس اقدام سے ہزاروں لوگ پریشان ہیں اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، مقامی بستیوں کے بچے سکول و کالج جانے کے لیے ان کے پاس کوئی متبادل راستہ نہ ہے اگر کوئی پرامن شہری اپنے حقوق کیلئے احتجاج کرتا ہے تو انتظامیہ پولیس کے بل بوتے پر ان پرجھوٹے مقدمات درج کرا دیتی ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں سخت خوف و ہراس پایا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے انہوں نے ایم ڈی کو بھی ایک لیٹر لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے بستی محمود چار والا ودیگر بستیوں کا راستہ کھولے ورنہ انتظامیہ کی اس گھٹیا اور بزدلانہ اقدام کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور اس غیر قانونی اقدام کو عدالت عالیہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج بھی کیا جائے گا۔
بستی محمود یار والا کے راستوں کو کھولیں ورنہ احتجاج
Mar 21, 2021