موٹروے زیادتی کیس،عابد ملہی، شفقت کو سزائے موت

Mar 21, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ سنا تے ہوئے مرکزی ملزموں عابد ملہی اور شفقت عرف بگا کو سزائے موت دینے کا حکم دیا۔ جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ گزشتہ روز سنا دیا گیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیمپ جیل لاہور میں تقریباً چھ ماہ کی عدالتی کارروائی کے بعد فیصلہ سنایا۔ دونوں ملزموں کو عمر قید کی سزا کے ساتھ ساتھ پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ گزشتہ سال 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی شب موٹروے پر خاتون سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ خاتون اپنے بچوں کے ساتھ ڈیفنس سے براستہ ایسٹرن بائی پاس گوجرانوالہ جا رہی تھی کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر دو ملزمان نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ گاڑی کا پٹرول ختم ہونے پر خاتون نے گاڑی سڑک کنارے کھڑی کی کہ ملزمان آئے انہوں نے پہلے خاتون کو لوٹا پھر بچوں کو یرغمال بنا کر خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔ میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی۔ واقعے کے بعد شفقت بگا کو دیپالپور سے حراست میں لیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم عابد ملہی کو اس کے قریبی عزیز کے گھر مانگا منڈی سے گرفتار کیا۔ ملزم شفقت بگا کو 14 ستمبر کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملہی کو 12 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا۔ دونوں کا 25 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزم عابد ملہی سے پستول برآمد ہوا جبکہ ملزم شفقت بگا سے ڈنڈا برآمد کیا گیا۔ ذوالفقار چیمہ انسپکٹر نے ملزمان سے تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کیا۔ ملزمان نے کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو بیان قلمبند کرایا تھا تھا۔ ملزمان نے انسداد دہشت گردی عدالت میں وقفے وقفے سے انکاری کا بیان بھی دیا۔ موٹروے زیادتی کیس کے جیل ٹرائل کا آغاز 24 فروری کو کیا گیا۔ ملزموں پر 3 مارچ 2020 کو فرد جرم عائد کی گئی جبکہ عدالت نے سترہ دن کے قلیل وقت میں کیس کا جیل ٹرائل مکمل کیا۔ ملزم عابد ملہی اور شفقت بگا کو 376/2 کے تحت سزائے موت سنائی گئی ہے۔ دونوں ملزموں کو دفعہ 365اے میں عمر قید کی سزا بھی دی گئی ہے۔ دفعہ 392میں 14،14سال قید کی سزا سنائی گئی۔ دفعہ 440کے تحت 5 ،5سال قید کی سزا سنائی گئی۔ دفعہ 337ایف ون میں 50،50 ہزار جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ 337 ایف 2 میں بھی 50 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ دفعہ 382بی کے تحت ملزموں کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم سنایا گیا ہے۔

مزیدخبریں