ممبئی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور مسلم مخالف بولی وڈ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کی نمائش کے دوران بھارتی ریاست تلنگانہ کے سینما میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگنے سے ہندوستانی شائقین برہم ہوگئے۔ بھارتی چینل کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر عادلپور کے علاقے بھکتاپور میں نترج سینما میں 18 مارچ کو متنازعہ فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کو دکھائے جانے کے وقت وہاں موجود دو افراد نے ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے۔ پاکستان مخالف فلم کی نمائش کے دوران ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے والے دونوں افراد کو سینما میں موجود افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا اور سینما میں جنگ کا ماحول ہوگیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ انتہاپسند ہجوم کے ہاتھوں سے نکل جانے کے بعد سینما انتطامیہ نے پولیس کو بلایا تو معاملہ ٹھنڈا ہوا، تاہم اس وقت تک ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے والے افراد وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دشمن ملک کے زندہ باد کے نعرے لگانے والے افراد کون تھے اور ان پر تشدد کرنے والے افراد کی بھی تلاش جاری ہے۔