اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن جماعتوں کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اختر مینگل کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایاز صادق‘ نوید قمر‘ شیری رحمان‘ زاہد حامد سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے آئین سے انحراف کیا۔ اپوزیشن نے قانونی ٹیم کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔ اپوزیشن اجلاس تاخیر سے بلانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھائے گی۔ اپوزیشن نے معاملے پر اپنی قانونی حکمت عملی پر غور شروع کر دیا۔ سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل نے اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ قانونی ماہرین کا اجلاس بھی ہوا۔ فاروق نائیک ‘ جے یو آئی ف کی طرف سے سینیٹر کامران مرتضیٰ‘ سینٹر شاہدہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی کے غیر آئینی‘ غیرقانونی اقدامات کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ عشائیہ میں مولانا فضل الرحمن‘ اکرم درانی‘ بلاول بھٹو زرداری‘ یوسف رضا گیلانی‘ راجہ پرویز اشرف‘ شیری رحمان‘ نیئر بخاری‘ رضا ربانی‘ شہباز شریف‘ خواجہ آصف‘ خواجہ سعد رفیق‘ رانا ثناء اﷲ ‘ احسن اقبال‘ مریم اورنگزیب ‘ محسن داوڑ اور میر کبیر نے بھی شرکت کی۔