لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام ایشیاء ہاکی کپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں 32 کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ہاکی تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے حتمی انتخاب کیلئے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کی زیرنگرانی کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ روزانہ کی بنیادوں پر کھلاڑیوں کو صبح اور شام دو سیشن میں سکلز اور فزیکل ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ان ٹریننگ سیشن میں غیر ملکی فزیکل ٹرینر ڈینیئل بیری، غیرملکی گول کیپنگ کوچ باب ویلڈہاف، اولمپین سید سمیر حسین، اولمپین وسیم احمد، اولمپین ناصر احمد، اولمپین عمران شاہ، عمران بٹ انٹرنیشنل، اجمل خان لودھی انٹرنیشنل بطور کوچز انکی معاونت کررہے ہیں جبکہ ندیم خان لودھی بطور ویڈیو انالسٹ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اولمپین خواجہ جنید بطور کیمپ منیجر اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں سکل سیشن میں پینلٹی کارنر کے شعبہ میں مہارت حاصل کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو پینلٹی کارنر ڈرلز اور حکمت عملی پر بھی تربیت دی جارہی ہے۔
ایشیا ہاکی کپ کی تیاری ‘32قومی کھلاڑیوں کی نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ
Mar 21, 2022