لاہور( کامرس رپورٹر )چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم سید حسن علی قادری نے کہا کہ تمام خدمات پر ٹیکس ریٹس کو بلا تفریق سنگل ڈیجٹ کرکے ان پٹ ختم کر دیا جائے تو پنجاب ریونیو اتھارٹی چار گنا زیادہ ٹیکس وصولی کو یقینی بنا سکتی ہے۔ جبکہ اس سے نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن کے مسائل بھی ختم ہو جائیں گے،تمام صوبائی ریونیو اتھارٹیزکوخدمات پرسیلز ٹیکس سنگل ڈیجٹ میں وصول کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ’’ٹیکس اور عوام مذاکرے ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ٹیکس ایڈوائزر جاوید احمد ،انفورسمنٹ آفیسر زوہیب ایوب خان ،محلائل فضل،صدر فرینڈ زآف اکنامک اینڈ بزنس ریفارمز کاشف انور،سابق سینئر نائب صدر پاکستان ٹیکس بارارشد اقبال راناسمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے جن خدمات پر ٹیکس ریٹس کم کیے ہیں،ان خدمات سے ٹیکس وصولی زیادہ ہوئی ہے ،معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے مہم جوئی کی بجائے لوگوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔تمام صوبائی اتھارٹیز کے قوانین اور ٹیکس ریٹس مختلف ہیں جس کی وجہ سے نیشنل سیلز ٹیکس ریٹرن میں مسائل کا سامنا ہے ۔ اس کا بہترین حل تمام خدمات پر سنگل ڈیجٹ ٹیکس ریٹس مقرر کر نا ہے جس سے نہ صرف مقدمہ بازی سے بھی بچاجا سکتا ہے بلکہ ٹیکس وصولی میں بھی چارگنا مزید اضافہ ممکن ہے ۔