لاہور(خصوصی رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی نے کہا کہ حکومت غذائی اجناس کی پیداوار میں اضافہ اور فی ایکڑ بمپر کراپس کے حصول کیلئے کاشتکاروں کوتمام ممکن سہولیات و مراعات فراہم کر رہی ہے۔ حکومت نے پہلی بار زرعی مداخل پر جنرل سیلز ٹیکس ختم کیا ،جس کیساتھ ساتھ زرعی سروس پرووائیڈرز کمپنیوں کو سیل ٹیکس میں خاطرخواہ چھوٹ دی گئی ، نیز ہم زرعی میکنائزیشن پر خاص توجہ دے رہے ہیں، جس کے ذریعے ایڈوانس قسم کی زرعی مشینری سسٹم میں شامل کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے زمینی صحت و پانی کی دستیابی اور ویلیو ایڈیشن کیلئے منصوبہ جات کا آغاز کیا جا رہا ہے کیونکہ ہمارا ہدف ہے کہ زرعی شعبہ کو ترقی دے کر پنجاب کو دنیا کیلئے بریڈ باسکٹ بنایا جائے۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اس تناسب سے پیداوار میں بڑھوتری نہیں آرہی اور اب ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں پر ہمیں یہ چیلنج درپیش ہے جس میں آبادی کی بڑھوتری آگے نکل گئی ہے اور زرعی پیداوار مقابلے میں پیچھے رہ گئی ہے لہذا اس چیلنج سے نبرد آزما ہوکر ہم نیٹ فوڈ امپورٹر سے فوڈ ایکسپورٹر بن سکتے ہیں۔
زرعی مداخل پر سیلز ٹیکس ختم اورزرعی کمپنیوں کو چھوٹ دی :ڈاکٹر انجم علی
Mar 21, 2022