لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے وفد کا 4 روزہ دورہ کابل، افغانستان حکومت کے وزرا اور آفیشلزسے ملاقاتیں، جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی وفد میں ڈائیریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی،نائب امیر صوبہ بلوچستان ڈاکٹر عطا الرحمن شامل تھے۔ وفد نے افغانستان کے وزیر برائے لواحقین شہدا و معذورین ملا عبد المجید اخوند، ہلال احمر افغانستان کے وزیر مولوی مطیع الحق اور وزیر برائے امور مہاجرین حاجی ارسلا خان خروٹی سے ملاقات کی۔ افغانستان کے وزرا اور آفیشلز نے جماعت اسلامی کی قیادت اور منسلکہ اداروں الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ افغان وزرا نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مشکل وقت میں افغان عوام کا ساتھ دیا ہے۔نیز جماعت اسلامی کے ادارے جلال آباد،قندھار،ہرات اور مزار شریف کے مقامات پر یتیم بچوں کے لیے تعلیمی ادارئے،،آغوش،،قائم کریں گے اور چار شہروں میں چارہسپتالوں کے استحکام کی ذمہ داری لیں گے۔ پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ دینی،تہذہبی اور ثقافتی رشتے ہیں اور ہم افغان عوام کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔طالبان حکومت نے طلوع ٹی وی سے تعلق رکھنے والے 3 صحافیوں کو رہا کر دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا کریک ڈاؤن کے دوران طالبان حکام نے مقامی ٹیلی وژن ’’طلوع نیوز‘‘ پر چھاپہ مارا اور تین صحافیوں کو گرفتار کرکے لے گئے تھے۔ ترجمان طالبان نے کہا کہ 2 صحافیوں کو گرفتاری کے چند گھنٹوں بعد ہی رہا کر دیا گیا تھا جن میں ڈائریکٹر نیوز اور قانونی مشیر شامل تھے تاہم نیوز اینکر کو گزشتہ 2 روز بعد رہا کیا گیا۔