کشمیر پریمئر لیگ سیزن ٹو کے انعقاد کے سلسلے میں اقدامات جاری ہیں گویا کے پی ایل 2021کے کامیابی کے بعد دوسرا سیزن شروع ہوا چاہتا ہے۔ KPL-2022ایک بار پھر کشمیر میں بھارتی جارحیت اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اس کرکٹ ٹورنا منٹ کی صورت میں پوری قوم بالخصوص قومی و بین الاقوامی کرکٹرز کا کشمیری برادری سے اظہار یکجہتی کا موقع ہے۔مظفر آباد، میر پور سمیت کشمیر میں ایک بار پھرکرکٹ کی بہارآ رہی ہے۔
کشمیر پریمئر لیگ2022- کے سلسلہ میںبرطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان کی میزبانی میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شاہد آفریدینے خاص طور پر شرکت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے قونصل جنرل سردار عدنان رشید اور پاکستان کی وائس قونصل محترمہ بختاور میر کی
میزبانی میں پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں بھی کشمیر پریمئر لیگ سیزن2 کے آغاز اور تیاریوںکے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں کے پی ایل کے صدر عارف ملک اور کے پی ایل کے سی ای او چوہدری شہزاد اختر جبکہ بیرون ملک مقیم ممتاز کاروباری اورسیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔لندن میں معظم احمد خان نے کشمیر پریمئر لیگ کے پہلے سیزن میں انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی اور کے پی ایل سیزن2 کے آغاز کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی ایل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو نہ صرف کشمیر کے ٹیلنٹ کو فروغ دے رہا ہے بلکہ سیاحت اور معاشی ترقی کے ذریعے کشمیریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں ایک معاون ستون ثابت ہوا ہے۔
سردار عدنان رشید نے برمنگھم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر پریمئر لیگ کی انتظامیہ سے ملاقات پر بہت مطمئن ہیں اور کے پی ایل ایک مثبت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ایل نہ صرف کشمیر کے ٹیلنٹ کو فروغ دے رہا ہے بلکہ دنیا کو یہ بھی باور کرارہا ہے کہ کشمیر اور کشمیر کے لوگ کتنے پرامن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی ایل نہ صرف دنیا بھر میں کشمیری ٹیلنٹ کو موقع فراہم کرے گا بلکہ مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرے گا۔ اس موقع پر محترمہ بختاور میر نے کے پی ایل کو کی کامیابی پر انتظامیہ کے عزم و ہمت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ایل کرکٹ کے کھیل کو کشمیر میں فروغ دے رہا ہے جو ہمارے لوگوں کا حقیقی جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ایل خطہ کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کررہا ہے اور خطے میں سرمایہ کاری اور سیاحت کو بھی فروغ دے رہا ہے جو کشمیر پریمئر لیگ کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
شاہد آفریدی نے پاکستان ہائی کمیشن میں ہونے والی تقریب میں کشمیر پریمئر لیگ سیزنI میں سامنے آنے والی تمام مشکلات کا عزم اور استقلال سے مقابلہ کرتے ہوئے لیگ کی کامیابی پر انتظامیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ایل سیزنI کی کامیابی نے پوری دنیا میں امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا جو وقت کی اشد ضرورت تھی مزید یہ کہ سیزن 2 دنیا بھر کی کشمیری کمیونٹی کے لئے پہلے سے بڑا اور زیادہ موثر ایونٹ ثابت ہوگا اور ہم کشمیریوں کے لئے برطانیہ میں فائنل میچز کھلانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
عارف ملک نے آئندہ آنے والے کے پی ایل سیزن2 کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ برمنگھم میں کثیر تعداد میں کشمیری آباد ہیں اور ہم کرکٹ کو کسی بھی فارمیٹ میں برمنگھم میں لانے کے لئے تیار ہیں چاہے وہ نمائشی میچ ہو یا کے پی ایل کے فائنلز ہوں۔ مزید برآں کشمیر پریمئر لیگ کا حصہ بننا اوورسیز کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اس میں کوئی سیاست شامل نہیں ہے بلکہ ہم کشمیریی نوجوانوں کے کرکٹ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے آرہے ہیں اس لئے ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حمایت کے لئے پرامید ہیں اور میں پہلے ہی برمنگھم میں اوورسیز کشمیریوں کی طرف سے کے پی ایل کو سراہتے ہوئے دیکھ سکتا ہوں۔
چوہدری شہزاد اختر نے اس موقع پر کہا کہ کے پی ایل راتوں رات حاصل ہونے والی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ اس خواب کو حقیقت تک پہنچانے کے لئے گذشتہ4 سال کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری اب بھی اپنی روایات سے جڑے ہوئے ہیں چاہے وہ کہیں بھی ہوںاور کشمیر پریمئر لیگ کی مزید کامیابی کے لئے توقعات سے آگے بڑھنے کے لئے پرجوش ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ برطانیہ میں فائنل محض تفریح نہیں ہے بلکہ ہم اس لیگ کو عالمی فاتح بنانے کے لئے مزید اوورسیز کشمیریوں کو اپنے کاروان میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
تقریب میں شریک اوورسیز کشمیریوں نے کشمیر پریمئر لیگ کے اقدام کو بہت سراہا اور کہا کہ اس سے کھیلوں‘ معیشت‘ سماجی ہم آہنگی‘ ثقافتی عکاسی اور شاندار کشمیر کی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے کہا کہ کے پی ایل امن اور ہم آہنگی کا عالم پیغام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کشمیری نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔
کشمیر میں کرکٹ کی بہار، کے پی ایل 2022
Mar 21, 2022