قیدیوں کی سزاوں میں کمی آئین پاکستان 1973کے آرٹیکل 45کے تحت کی جائے گی
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر 23مارچ کے موقع کی مناسبت سے پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید قیدیوں کیلئے 90دن کی سزاوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔قیدیوں کی سزاوں میں کمی آئین پاکستان 1973کے آرٹیکل 45کے تحت کی جائے گی۔سزاوں میں کمی کا اطلاق ان تمام قیدیوں پر ہوگا جو اپنی سزا کا 2/3 حصہ کاٹ چکے ہیں سوائے انکے جن کو دہشت گردی، منشیات اور حدود آرڈیننس کی دفعات کے تحت سزا ہوئی ہوں۔مرد قیدی جن کی عمر 65سال سے اور خواتین قیدی جن کی عمر 60سال سے زائد ہے اور اپنی سزا کا 1/3حصہ کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزاوں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔سزاوں میں کمی کا اطلاق 18 سال سے کم عمر والے قیدیوں پر بھی ہوگا اگر وہ اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے ہوں گے۔مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے قیدیوں پر ان سزاوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔سزاوں میں کمی کے اعلان پر پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید قیدیوں اور ان کے ورثا نے خوشی کا اظہار کیا اور صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔