کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضمنی بلدیاتی الیکشن شیڈول کو مسترد کرتے ہیں اور سندھ حکومت سے کہتا ہوں کہ فوراً ہائیکورٹ میں ضمنی الیکشن شیڈول کو چیلنج کریں۔ الیکشن کمشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سندھ میں 18 اپریل کو 93 سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔ کراچی میں دنیا کے سب سے بڑے امراض قلب کے ’’ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز‘‘ ہسپتال کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کا شیڈول دینا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلزپارٹی نے حیدرآباد میں کلین سویپ کیا۔ کراچی میں پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری، پیپلزپارٹی نے محنت کے بعد کراچی کا الیکشن جیتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں جیالا میئر ہوگا تو کیا قیامت ٹوٹ پڑے گی؟۔ اب ان کو ہضم نہیں ہو رہا کہ کراچی کا میئر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں صحت کارڈ کے نام پر دھوکہ چل رہا تھا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم انسانیت کی بنیاد پر علاج کرتے ہیں، این آئی سی وی ڈی ہر صوبے میں پوری قوم کے لیے ماڈل بننا چاہیے۔ لوگ کہتے ہیں کہ اختیارات کی منتقلی اور 18ویں ترمیم سے کیا ملا، اس کا جواب این آئی سی وی ڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت میں انقلاب مفت علاج ہے اور این آئی سی وی ڈی کا تسلسل رکنے والا نہیں ہے، ہم دیگر شہروں میں بھی دل کے مفت علاج کی سہولیات دیں گے۔ میں 30 سال کی عمر کا ہوا تو دنیا کا سب سے بڑا مفت علاج کا سینٹر بنا دیا۔