غریب گیس بل کا چوتھائی دے گا ، موٹر سائیکل والوں کیلئے پٹرول 100 روپے لٹر سستا : مصدق ملک 

Mar 21, 2023

 اسلام آباد+ لاہور (خبرنگار+ نیوز رپورٹر ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پٹرول سکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پٹرول پر پچاس روپے کی بجائے سو روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور چھ ہفتوں کے دوران اس سکیم کو نافذ العمل کر دیا جائے گا۔  وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کا فرق ہوگا۔ غریب لوگوں کے لیے پیٹرول پر رعایت کے فیصلے پر 6 ہفتوں میں عمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گاڑیوں والے پیٹرول کی قیمت زیادہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جس کے ہاتھ میں آئین دیا گیا تھا، جس کے ہاتھ میں ووٹ نہیں، مگر سلیکٹڈ زدہ دھاندلی کا کوئی کاغذ دیا گیا تھا کہ اس ملک کے غریب لوگوں کی حفاظت کرنا، وہ کہہ رہا ہے کہ ان سب کی ایسی کی تیسی۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم صاحب سے درخواست کی کہ یہاں تو دو ملک ہیں، امیر کا الگ اور غریب کا الگ، پارٹی لیڈر نواز شریف ا اور وزیراعظم نے بھی کہا کہ اگر دو ملک ہیں تو غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جائو۔ گیس کی طرح دونوں کا پیٹرول کا خرچہ بھی علیحدہ کردیا،انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیرف الگ کرکے غریب کا بل اور امیر کا بل علیحدہ کردیا۔ آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے۔ امرا کی بھی ہم عزت کرتے ہیں، لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے، اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غربا کو گیس دیں گے۔  حکومت غریب کے پیٹرول کی قیمت کم کرے گی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہفیصلہ کر لیا گیا ہے بڑی گاڑی والوں کو پٹرول کی زیادہ قیمت ادا کر نا ہوگی کیونکہ یہاں پر غریب کا پاکستان الگ ہے اور امیر کا پاکستان الگ۔ عمران خان خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں اس لئے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔ وہ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پٹرول فراہم کرنے کی سکیم پر کام کر نا شرو ع کر دیا  ہے۔ اس پر ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پٹرول کے ٹیرف میں غریب کو پچاس روپے سبسڈی دی جائے گی مگر اب وزیر اعظم نے ہمیں دوبارہ ہدایت کی ہے کہ سبسڈی کو بڑھا کر سو روپے کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت پٹرولم کی قیمت میں کمی لانے کے لیے کام جاری ہے جو چھ ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے ایسا میکنزم بنا لیا ہے کہ مال دار طبقے پر ٹیکس لگائیں گے اور غریب کو بھر پور ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں  نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کر ے گی جس کی بہترین مثال مفت آٹے کی فراہمی ہے۔  انہوں نے کہا کہ غریب کو سستی گیس فراہم کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل تھا جس کے تحت یکم جنوری سے ہم نے گیس کے ٹیرف پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور گیس کا سرکلر ڈیبٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ بجلی کے حوالے سے بھی ہم نے پہلے ہی پالیسی بنا رکھی ہے، 100 یا 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو سستی بجلی دی جائے گی جبکہ اس سے زیادہ استعمال کر نے والوں کو پورا بل ادا کر نا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے یکساں قانون بنایا ہے۔ اب کسی سیٹھ کو سستی بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہم ایران سمیت تمام ممالک سے پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ خریدنے کے لیے تیار ہیں۔ سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ  ایک غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل پر ماہانہ21 لیٹر پٹرول استعمال کرتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں دو سے تین لیٹر پٹرول فراہم کیا جائے اور  800سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پٹرول پر 30 لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی اور ایک وقت میں گاڑی میں 5 سے 7 لیٹر پٹرول ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے اہل افراد کو ان کے موبائل پر میسج موصول ہو گا اور وہ اس میسج کو پٹرول پمپ پر دکھا کر پٹرول وصول کر سکے گا۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر آچکی ہے، وہ کسی قانون کو نہیں مانتے اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ عمران خان ریاست کو کھلے عام چیلنج کر رہا ہے کہ مجھے پکڑ کر دکھائو۔اس موقع پر انہوں نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر وزارت داخلہ مکمل تحقیقات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کر رہا ہے‘ اس کا پاکستان علیحدہ کر دو۔ آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے۔ امراء کی بھی ہم عزت کرتے ہیں‘ لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غرباء کو گیس دیں گے۔

مزیدخبریں