لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی سپیشلائزیشن کرپشن ہے، توشہ خانہ میں سب کے کارنامے سامنے آ گئے، گھڑیاں، گاڑیاں، کلاشنکوفیں، گلدان، پائن ایپل، کھجوریں جس کو جو ملا اٹھا کر لے گیا، ایک نے کہا کہ فلاں شخص پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے، بعد میں اسے پارٹی میں شامل کر لیا، ایک صاحب دوسرے صاحب کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی تقریریں کرتے تھے، اب مل کراقتدار اور پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں، کل ایک دوسرے کو لٹیرے کہنے والے آج بہن بھائی بن گئے، یہ سب بزدل لوگ ہیں، امریکا کے خلاف نعرے لگاتے ہیں بعد میں ان کے سفیروں کے ترلے کرتے ہیں، ٹرائیکا کے لیڈران پاکستان میں بڑھکیں مارتے ہیں، واشنگٹن جا کر گیدڑ بن جاتے ہیں، یہ آج تک امریکا سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کا مطالبہ بھی نہیں کر سکے، خود پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو ہاتھ جوڑ کر رہائی دی۔ نیب قوانین میں تبدیلی کر کے 50کروڑ تک کی کرپشن کو بھی جائز قرار دے دیا، انہوں نے کشمیر کا سودا کیا۔ ملک کو حقیقی آزادی صرف جماعت اسلامی دلا سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کا دور آنے والا ہے، نیب اور عدالتیں لٹیروں کا احتساب نہیں کر سکیں، ان شاءاللہ ہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولنگر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راو¿ ظفر،ولید ناصر اورارسلان خان خاکوانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں عدالتیں اور اسٹیبلشمنٹ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی میں تقسیم، الیکشن کمیشن متنازعہ ہو چکا ہے۔ بہاولنگر میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع ہوا نہ ہی پورے علاقے میں کوئی یونیورسٹی اور اچھا ہسپتال ہے۔ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کریں گے۔