بھکر (نمائندہ نوائے وقت) پنجاب کے پی کے سنگم پر واقع بین الصوبائی چیک پوسٹ کے اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر کے خوف وہراس پھیلانے پولیس اہلکار سے موبائل چھین لینے پر تعاقب میں ڈالا سوار چار مسلح افراد کو اسلحہ اور شراب سمیت گرفتار کر کے تحریک انصاف کے راہنما علی امین گنڈاپورسمیت 15 گن مین ملزمان کے خلاف دہشت گردی، سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے راہنما علی امین گنڈا پور اپنی گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے کہ بھکر میں بین الصوبائی چیک پوسٹ پولیس چوکی داجل پر ڈیوٹی اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ دیا تو مسلح کار سواروِں نے اندھادھند فائرنگ کر کے علاقہ میں خوف وہراس پھیلا دیا اور پولیس اہلکار سے قیمتی موبائل فون چھین لیا اور اہلکاروں کو گاڑی تلے کچلنے کی کوشش کی اور بیرئیر توڑتے ہوئے فرار ہو گئے تاہم پولیس نے تعاقب کر کے ڈالا سوار چار مسلح افراد کو گرفتار کر کے نیک محمد‘ آفتاب حسین‘ شکیل حیدر اور محمد الطاف سے کلاشنکوف دیگر اسلحہ اور ڈالا سے چار بوتل شراب برآمد کر لیں۔ جس پر تھانہ صدر بھکر پولیس نے انسپکٹر اختر حسین کی مدعیت میں پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پورسمیت 15/16گن مین ملزمان کیخلاف دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
علی امین گنڈاپور مقدمہ
بھکر میں پولیس پر فائرنگ پر علی امین گنڈاپور سمیت 15 گن مینوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ
Mar 21, 2023