لاہور جلسہ ریفرنڈم ہو گا‘ چھاپوں سے حکمرانوں کی گھبراہٹ عیاں: پرویز الٰہی

Mar 21, 2023


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے سابق ایم این اے چودھری نذیر جٹ‘ ڈاکٹر عارفہ نذیر‘ سابق صوبائی وزیر راجہ محمد بشارت‘ باﺅ رضوان اور مقصود سلہریا نے ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انشاءاللہ پی ٹی آئی کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں کے گھروں پر غیرقانونی چھاپوں سے دراصل حکمرانوں کی گھبراہٹ ظاہر ہو رہی ہے۔ مریم نواز صوبوں کے درمیان نفرت پیدا نہ کریں۔ خیبر پی کے کے عوام کو بدنام کرنے پر شرم آنی چاہئے۔ دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں۔ قانون کی عملداری کی آڑ میں نگران حکومت نے زمان پارک میں پولیس دہشت گردی کی۔ دراصل محسن نقوی کو ابھی تک زمان پارک کے ڈراﺅنے خواب آرہے ہیں۔ زمان پارک پر حملہ کرنے کا سبق مل گیا ہو گا۔ اگر نہیں ملا تو مل جائے گا۔ حکومت ایسی غلطی پھر نہ دہرائے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے معاہدے کو محسن نقوی نے توڑا ہے۔ جب انہیں پتہ چل گیا کہ اندر کوئی نہیں صرف خواتین ہیں تو انہوں نے زمان پارک پر حملہ کر دیا۔ انہیں اندر سے ملا کیا۔ عمران صاحب کے کپڑے اور جوس کی بوتلیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں یا عام شہری کا خون بہایا تو اس کی ساری ذمہ داری محسن نقوی‘ آئی جی پنجاب اورصوبائی انتظامیہ پر ہو گی۔
پرویز الٰہی

مزیدخبریں