لاہور(خصوصی نامہ نگار)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے موجودہ ملکی صورتحال کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ بیرسٹر حسان نیازی کو ضمانت ہو جانے کے باوجود عدالت کے سامنے سے اٹھا لینا انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت فعل ہے، اس مجرمانہ عمل سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس ملک میں کوئی آئین اور قانون نہیں ہے، صرف امپورٹڈ حکومت کا حکم ہی اس ملک کے عوام کیلئے کالا قانون بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں آئین وقانون کے تحفظ کی خاطر وکلاء سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرناہوگا تب جا کر آئین کی بالادستی قائم ہو گی، ملک میں مسلسل سیاسی انتقام پر مبنی بلا جواز گرفتاریاں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، اپنے آپ کو ملکی سیاست اور جمہوریت کا محور و مرکز سمجھنے والوں کی ایماء پر سیکڑوں بے گناہ کارکنوں کو اب تک حراست میں لیا جا چکا ہے۔انہوں نے حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ:جب یہ دیکھو کہ ظالم اپنے ظلم کو جاری رکھے ہوئے ہے، تو جان لو کہ اس کا ( برا ) انجام یقینی ہے، اور تم جب یہ دیکھو کہ مظلوم اپنی مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے تو سمجھ لو کہ اس کی ( فتح اور ) جیت یقینی ہے۔
بیرسٹر حسان نیازی کوضمانت کے باوجود اٹھا لینا قابل مذمت‘ناصرعباس جعفری
Mar 21, 2023