لاہور (نیوز رپورٹر+لیڈی رپورٹر) سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیرِ اہتمام انسدادِ گداگری آگاہی سیمینار سے خطاب میں سیکرٹری جنرل انجمن حمایتِ اسلام میاں محمد منیر نے کہا کہ سڑکوں،چوراہوں، مساجد اور عوامی مقامات پر بھیک مانگنے والے مستحق نہیں ہوتے۔ بھکاری بچوں کو جیل بھجوانے کے بجائے بحالی مراکز میں رکھنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حمایتِ اسلام دارالشفقت میں بھکاری بن سکنے والے بچوں اور بچیوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت مہیا کر کے معاشرتی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جاتاہے۔حکومت اگربھکاری بچے نہیں سنبھال سکتی تو انھیں انجمن حمایتِ اسلام کے سپرد کر دے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال حرا صدیق نے کہا کہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ شکنی کیلئے اپنے جاننے والوں یا قابلِ اعتماد فلاحی اداروں کو زکوٰۃ، خیرات، صدقات اور فطرانہ کی رقوم دینی چاہئیں، تاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہو۔
بھکاری بچوں کوجیل کے بجائے بحالی مراکز میں رکھا جائے: میاں محمد منیر
Mar 21, 2023