جرمنی پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر کیلئے 2 نئے منصوبے شروع کرےگا‘محمد عبید

Mar 21, 2023


 لاہور (کامرس رپورٹر )جرمنی پاکستان میں اپنے ترقیاتی ادارے جی آئی زی (GIZ) کے توسط سے پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر کی بہتر ی کیلئے دو نئے منصوبے شروع کرے گا۔ یہ بات جی آئی ذی کے تین رکنی وفد نے آج یہاں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے صدر دفتر میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان عزیز خواجہ سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔ جی آئی زیڈ (GIZ) کے وفد میں ایڈوائزر جی آئی زیڈ (GIZ) ہیڈ کوارٹر مس ناناسکابا اور انکے گرین کے علاوہ کمپوننٹ منیجر محمد عبید شامل تھے جبکہ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو کے ہمراہ جنرل منیجر پالیسی اینڈ پلاننگ نادیہ جہانگیر سیٹھ اور جنرل منیجر سنٹرل سپورٹ اشفاق احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر جی آئی زی کے کمپونینٹ منیجر محمد عبید نے جی آئی زیڈ (GIZ) کے تحت پاکستان میں ٹیکسٹائل اور فیشن کے شعبے میں لیبر اور ماحولیات کے معیار کو عالمی سطح پر لانے کے حوالے سے جاری اپنے تین سالہ منصوبے کے بارے میں آگاہی دی۔ انہوں نے بتا یا کہ اس منصوبے کی کامیابی دیکھتے ہوئے جرمنی نے جو نئے دو منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں ایک تو ٹیکسٹائل اور فیشن انڈسٹری میں عالمی معیاروں سے متعلق ہی ہے جبکہ دوسرا منصوبہ پاکستان میں خواتین کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینے اور ان کیلئے روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے بارے میں ہے۔
اس موقع پر سی ای او سمیڈا فرحان عزیز خواجہ نے جرمن وفد کے ارکان کو بتایا کہ پاکستان میں نافذ العمل حالیہ ایس ایم ای پالیسی میں وومن انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کےلئے متعدد اہم اقدامات متعارف کروائے جا چکے ہیں۔کوشش کر رہے ہیں کہ خواتین میں کاروبار کے اجرا اور ترقی کے لئے ٹیکسوں میں رعایت اور قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کیلئے پاکستان میں ایک خصوصی حکمت عملی کورائج کیا جا سکے۔

مزیدخبریں