لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت ساری امیدیں آئی ایم ایف سے وابستہ کرنے کی بجائے ریاست اور معیشت کا نظام چلانے کیلئے سوچ کا دائرہ وسیع کرے ‘ وزیر اعظم اپنی زیر صدارت معیشت سے جڑے تمام اسٹیک ہولڈرز اور معاشی ماہرین سے تجاویز اور ان کی مدد حاصل کرنے کےلئے کانفرنسوں کا اہتمام کریں۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین ،جنرل سیکرٹری چودھری قمرالزمان،سینئر نائب صدر زاہد عتیق چودھری،نائب صدر شہباز قادر اورفنانس سیکرٹری رانا کاشف ولائت نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کا قرض اور امداد ملنے کے انتظار میں رہنا باعث شرم ہے ، خدارا کشکول توڑکر خود انحصاری کی منزل کی جانب پیشرفت کےلئے پالیسی مرتب کی جائے۔ سب سے پہلے حکمرانوں کو عوام کے اندر اپنا اعتماد بحال کرنا ہوگا اسکے بعد ایک سمت کا تعین کر کے پوری قو م کو اس پر چلایا جائے لیکن یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ ایٹمی ملک کے جو حالات ہو گئے ہیں اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے ، اگر ہم نے ابھی بھی اپنی اصلاح نہ کی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔