توڑ پھوڑ،کار سرکار میں مداخلت کا کیس: اسلم اقبال،یاسمین راشد کی عبوری ضمانت منظور

Mar 21, 2023 | 13:28

انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں میاں اسلم اقبال، قاسم زمان اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں زمان پارک میں توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر پٹرول بم پھینکنے کے کیس کی سماعت ہوئی، ایڈمن جج عبہر گل خان نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں ہے، خدشہ ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی، ملزمان شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں، عدالت ملزمان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما ملزمان میاں اسلم اقبال، قاسم زمان اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی عبوری ضمانت 28 مارچ تک منظور کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روک دیا۔واضح رہے کہ میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے تھانہ شادمان میں درج مقدمہ میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

مزیدخبریں