شیخ رشید پر فردِ جرم کی کارروائی 14 اپریل تک مؤخر

Mar 21, 2023 | 18:07

ویب ڈیسک

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید پر فردِ جرم کی کارروائی 14 اپریل تک مؤخرکردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری پر سابق وزیراعظم عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فرد جرم کی کارروائی مؤخرکرتے ہوئے فرد جرم کی نئی تاریخ 14 اپریل مقررکردی۔شیخ رشید کے وکیل کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث فرد جرم آج عائد نہ ہو سکی، جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے احکامات جاری کیے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں شیخ رشید احمد جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے۔جج نے استفسار کیا کہ کیا مقدمے کا چالان آگیا ہے؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ مقدمے کا چالان آچکا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے وکیل آج سپریم کورٹ میں ہیں اس لیے آج پیش نہیں ہوسکے۔ مقدمے کو ختم کرنے کے حوالے سے درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی۔

مزیدخبریں