لاہور( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پنجاب کو سرسبز بنانے کا انقلابی پروگرام 'پلانٹ فار پاکستان' پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا۔کل عالمی یوم جنگلات سے صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم 2024 شروع ہوگی، 15 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہراہوں، نہروں کے کِنارے شجرکاری ہوگی، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کی روشنی میں ہر شہری ہر طالب علم ہر خاتون پودا لگائے اور 'پلانٹ فار پاکستان' مہم کا حصہ بنیں،مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پودا لگانا سنت نبویﷺ ہے، ایک پودا لگا کر آپ سنت زندہ کریں گے، مریم اورنگزیب نے کہا کہ مدارس، مذہبی وسیاسی جماعتوں سے بھی خاص طور پر شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ، فضائی آلودگی، ہوا کو زہریلے مادوں سے پاک کرنے اور صحت مند ماحول کے اس جہاد میں ہر شہری ہر پاکستانی ہر گھرانہ اور ہر ضلع ہر ادارہ ایک دوسرے سے بڑھ کر اپنا تعمیری کردار ادا کرے، عوام کی سہولت کے لئے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے نے پورے صوبے میں سٹال لگا دیئے ہیں، سٹالز سے مفت پودے لیں اور شجرکاری کریں۔ مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ جلو فارسٹ پارک لاہور میں 35 ہزار پودوں کی شجرکاری ہوگی۔ پلانٹ فار پاکستان ایپ جاری کر دی گئی، پنجاب میں موسم بہارکے دوران 60 ہزار سائیٹس پر 18 ملین پودے بشمول املتاس،پیپل اورکیکر لگائے جائیں گے۔ اضلاع ،تحصیلوں ،یونین کونسل اور کارپوریشنز کی سطح پر جیوٹیگنگ کے ساتھ تمام سرکاری و غیرسرکاری ادارے شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔