سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کی رپورٹ  پر قاسم سوری کو نوٹس جاری کر دیا 

Mar 21, 2024

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کی رپورٹ پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ قاسم سوری کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے کے خلاف اپیل پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ قاسم سوری عدالت آئے ہیں؟۔ وکیل  نے عدالت کو بتایا کہ قاسم سوری عدالت میں موجود نہیں، میرا ان سے کوئی رابطہ بھی نہیں ہو سکا، میرے پاس ان کا ایک ہی نمبر تھا، متعدد کوششوں کے باوجود قاسم سوری سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ عدالتی عملے نے کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کو نوٹس کی عدم تعمیل میں رپورٹ آئی ہے۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ باقی باتیں ہم نہیں پوچھ رہے، یہ بتائیں کہ کیس وقت پر مقرر کیوں نہیں ہوا؟۔ وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ 80 سے زائد انتخابی عذرداری کے مقدمات ایک ساتھ سپریم کورٹ نے سنے تھے، میرے خیال میں زیادہ مقدمات ہونے کی وجہ سے سماعت میں تاخیر ہوئی ہو گی۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ پر الزام نہیں دے رہے، اس میں سپریم کورٹ کی اپنی غلطی ہے، کیا آپ کا اپنے موکل سے رابطہ ہوا ہے۔ چیف جسٹس نے وکیل نعیم بخاری سے سوال کیا کہ رجسٹرار کی رپورٹ پر قاسم سوری کو نوٹس کرنے پر آپ کو اعتراض تو نہیں؟۔ وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں، جو عدالت حکم کرے منظور ہے۔ مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی گئی ۔

مزیدخبریں