بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے: چودھری سالک 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کا اہم ترین حصہ ہیں، حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی، بہت جلد بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کے ڈیٹا کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے جائیدادوں کی منتقلی کے حوالے سے مشکلات کو کم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے آن لائن لینڈ ریکارڈ سروس شروع کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری کی سربراہی میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے وزارت اوورسیز پاکستانیز کی ذمہ داریاں چیلنج سمجھ کر قبول کی ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل، انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے اور سکلڈ ورکرز کو بیرون ملک روزگار کے محفوظ مواقع فراہم کرنا ان کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔

ای پیپر دی نیشن