سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں سرینگر اوردیگر علاقوں میں 23 مارچ کو منائے جانے والے یوم پاکستان سے قبل مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جموں وکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو،نوجوانان حریت جموں کشمیر اور جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر چسپاں پوسٹروں میں قائد تحریک ازادی کشمیرشہیدسید علی گیلانی کا معروف نعرہ’’ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ بھی لکھا گیاہے .پوسٹروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر کی تصاویربھی موجود ہیں۔ُپوسٹروں میں لکھا گیاہے’’جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ، جبکہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک شخص پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔جبکہ جموں میں دونوجوان کالے قانون کے تحت گرفتارکرلئے گئے ، کے پی آئی کے مطابق ضلع بارہمولہ میں سوپور کے علاقے ڈورو میں صبح سویرے مقامی لوگوں نے ایک شخص کومردہ پایا۔ متوفی کی شناخت مشتاق احمد ساکن گنائی محلہ ڈورو کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔علاوہ ازیں جموںمیں بھارتی پولیس نے دونوجوانوں کوکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکرلیا۔ دوسری جانب مقبوضہ جموںوکشمیر میںچھٹی سنگھ پورہ قتل عام کو 24برس گزر چکے لیکن اس بہیمانہ قتل عام کے متاثرہ خاندان تاحال انصاف سے محروم ہیں جسکی وجہ سے سکھ برادری سخت مایوس ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے چھٹی سنگھ پورہ سمیت مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوںکے ہاتھوں پیش آنے والے قتل عام کی تمام واقعات کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔