اسلام آباد(نمائندہ نوازئے وقت) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ سے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان نے بدھ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں فائیو جی اسپیکٹرم آکشن، کینکٹوٹی اور ٹیلی کام انڈسٹری کے متعلق گفتگو ہوئی۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا سستی اور معیاری ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، ہماری توجہ ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا فروغ اور اس سے متعلق مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا وزارت آئی ٹی ٹیلی کام سیکٹر کو ساتھ لیکر چلے گی، ٹیلی کام سیکٹر کے مسائل حل کریں گے۔شزا فاطمہ نے کہا نوجوانوں کو ڈیجیٹل سسٹم کا حصہ بنا کر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔دریں اثنا وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ سے ٹک ٹاک کے 2 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ٹک ٹاک وفد کی قیادت ہیڈ آف پبلک پالیسی فہد خان نیازی کررہے تھے۔ٹک ٹاک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے، وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ نے کہا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مقصد تفریح کے ذریعے تعلیم و شعور کی بیداری ہے، ٹک ٹاک اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج دنیا کو دکھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔